ڈونلڈ ٹرمپ نے روس پر نئی پابندیوں کے بل پر دستخط کردیئے

نئی پابندیاں 2016 میں ہونے والے امریکی صدارتی انتخاب میں روس کی مبینہ مداخلت کے الزام میں عائد کی گئی ہیں۔ فوٹو: فائل

نئی پابندیاں 2016 میں ہونے والے امریکی صدارتی انتخاب میں روس کی مبینہ مداخلت کے الزام میں عائد کی گئی ہیں۔ فوٹو: فائل

 واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کانگریس کی جانب سے روس پر عائد کی جانے والی نئی پابندیوں سے متعلق بل پر دستخط کر دیئے۔

امریکی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق وائٹ ہاؤس حکام نے بتایا کہ امریکی صدر نے کانگریس کی جانب سے پاس کئے گئے اس بل پر دستخط کر دیئے ہیں جس میں روس پر نئی پابندیاں عائد کرنے کی تجویز پیش کی گئی ہے۔ بل میں یہ شق بھی شامل ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ روس پر عائد پابندیوں میں نرمی نہیں کر سکیں گے۔

امریکی کانگریس کی جانب سے نئی پابندیاں 2016 میں ہونے والے امریکی صدارتی انتخاب میں روس کی مبینہ مداخلت کے الزام میں عائد کی گئی ہیں جبکہ اس سے قبل روس کی جانب سے کریمیا سے الحاق اور شام میں روسی موجودگی کی وجہ سے بھی امریکا نے ماسکو پر اقتصادی پابندیاں عائد کر رکھی ہیں۔

اس نئے بل میں روس کی توانائی اور دفاع کے شعبے سے تعلق رکھنے والی کمپنیوں اور شخصیات کو نشانہ بنایا گیا ہے جبکہ اس میں ایران اور شمالی کوریا کے خلاف نئی پابندیاں بھی شامل کی گئی ہیں۔ اس بل کو کانگریس کے دونوں ایوانوں سے بھاری اکثریت سے منظور کیا گیا تھا اور اب ٹرمپ نے اس پر دستخط کردیے ہیں جس کے بعد اسے قانون کا درجہ حاصل ہوگیا ہے۔

روس نے اس بل کی کانگریس سے منظوری پر رد عمل ظاہر کرتے ہوئے اپنے ملک سے 775 سفارتی اہلکاروں کو نکل جانے کی ہدایت کی تھی جبکہ اب صدر کی جانب سے بل پر دستخط کیے جانے کے بعد دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات میں مزید تناؤ پیدا ہونے کا خدشہ ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *